05 مارچ ، 2013
رحیم یار خان…صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ملک میں مفاہمت کی سیاست کا آغاز کیا۔ لیکن تخت لاہور ہمیشہ ان کے ساتھ لڑتا رہا۔رحیم یار خان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے پانچ سال جیل کاٹی۔ جب انہیں وزیراعظم بنایا گیا تو انہوں نے دکھادیا کہ وفا کس طرح کی جاتی ہے۔ صدر نے کہا کہ بھٹو نے جو مشن شروع کیا اس پر فخر ہے، اس مشن کو بے نظیر بھٹو نے اپنی زندگی کے آخری دن تک چلایا۔ انہوں نے سانحہ کراچی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں پیپلز پارٹی کے کارکن شہید ہوئے۔