Time 22 فروری ، 2025
دنیا

اسرائیلی فوج نے مغوی خاتون شیری بیباس کی لاش کی شناخت ہونے کی تصدیق کردی

اسرائیلی فوج نے مغوی خاتون شیری بیباس کی لاش کی شناخت ہونے کی تصدیق کردی
شیری غزہ میں ممکنہ طور پر اپنے بچوں کےساتھ ہلاک ہوئیں: اسرائیلی فوج/ فوٹو انٹرنیٹ

غزہ: اسرائیلی فوج نے مغوی خاتون شیری بیباس کی لاش کی شناخت ہونے کی تصدیق کردی۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہےکہ یرغمالی شیری بیباس کی لاش کی شناخت کرلی گئی ہے، شیری غزہ میں ممکنہ طور پر اپنے بچوں کےساتھ ہلاک ہوئیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق غزہ سے مزید انسانی باقیات اسرائیل پہنچنےکے بعد اسرائیلی فوج نے شیری بیباس کی لاش کی شناخت کی تصدیق کی۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہےکہ ریڈکراس نے دونوں فریقین کی درخواست پر غزہ سے مزید انسانی باقیات اسرائیل کےحوالےکیں۔

واضح رہے کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیلی مغوی خاتون شری بیباس کی لاش ریڈ کراس کے حوالے کی۔

حماس نے 20 فروری کو جنگ بندی معاہدے کے تحت 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیل کے حوالے کی تھیں جس کے بدلے اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کو رہا کیا گیا تھا۔

بعد ازاں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ حماس نےواپس کی گئی 4 لاشوں میں سے ایک کی شناخت غلط بتائی ہے۔

بعد ازاں حماس نے اسرائیلی الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی مغوی خاتون شری بیباس کی لاش کو جس جگہ رکھا گیا تھا وہاں اسرائیل کی جانب سے فضائی حملہ کیا گیا تھا جس کے بعد مغوی خاتون کی باقیات وہاں موجود دیگر افراد کی باقیات سے مل گئی تھیں۔

مزید خبریں :