Time 25 فروری ، 2025
دنیا

ٹرمپ کی مسک کے پاؤں چومنے کی جعلی ویڈیو امریکی سرکاری دفتر میں کیسے چلی؟ تحقیقات شروع

ٹرمپ کی مسک کے پاؤں چومنے کی جعلی ویڈیو امریکی سرکاری دفتر میں کیسے چلی؟ تحقیقات شروع
فوٹو: فائل

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایلون مسک کی مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی ایک متنازع ویڈیو امریکی حکومتی محکمے کے دفتر میں چلنے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق پیر کے روز یہ ویڈیو امریکی محکمہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کے دفترکی اسکرینز پر مختصر وقت کے لیے چلی۔ ویڈیو میں امریکی صدر کو ایلون مسک کے پاؤں چومتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ویڈیو پر ’Long Live the Real King‘ کا جملہ بھی درج تھا۔

ٹرمپ کی مسک کے پاؤں چومنے کی جعلی ویڈیو امریکی سرکاری دفتر میں کیسے چلی؟ تحقیقات شروع
محکمہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کےدفتر میں چلنے والی جعلی ویڈیو کا اسکرین گریب

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ یہ عمل ٹیکس دہندگان کے وسائل کے غلط استعمال کے مترادف ہے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

یہ متنازع ویڈیو ایسے وقت میں منظر عام پر آئی جب وفاقی ملازمین کو ایلون مسک کی جانب سے ایک ای میل میں اپنی کارکردگی ثابت کرنے کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہورہی تھی۔

امریکی اخبار کے مطابق یہ ویڈیو اس دن ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کے سامنے آئی جس دن سے تمام ملازمین کو مکمل طور پر دفتر سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی تھی تاکہ وفاقی ملازمین کے لیے ورک فرام ہوم ختم کرنے کے ٹرمپ کے احکامات پر عمل کیا جاسکے۔ 

محکمے کے حکام فوری طور پر یہ معلوم نہ کر سکے کہ اسکرینز کو ہیک کر کے جعلی ویڈیو کیسے چلائی گئی اور بالآخر انہیں چند ڈیوائسز کو بند ہی کرنا پڑا۔


مزید خبریں :