28 فروری ، 2025
اسلام آباد: جے یو آئی (ف) کے رہنما کامران مرتضیٰ نے پی ٹی آئی کے ساتھ سڑکوں پر آنے کے امکانات کو مسترد کردیا۔
جیونیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کامران مرتضیٰ نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے کہا کہ انتخابات کا آڈٹ پورے ملک میں کرانا چاہیے، جب 2024 کے انتخابات کا وقت آیا تو یہ کہا گیا کہ مولانا کو محدود رکھا جائے اور ہم تک یہ بات پہنچا دی گئی، جو انتظام تھا اُس میں مولانا فضل الرحمان فِٹ نہیں ہورہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو خیبر پختونخوا میں انتخابات کا آڈٹ کرانے کی تجویز دی تھی جو انہوں نے پہلے مانی اور پھر مسترد کردی۔
کامران مرتضیٰ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہماری جماعت کے اختلافات باقی ہیں، ہم نے 12 فروری کو پی ٹی آئی کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا تھا مگر ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا جب کہ پی ٹی آئی کے ساتھ سڑکوں پر آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔