26 مارچ ، 2025
قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کرپشن کیس میں سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک اور سابق سیکرٹری محکمہ منصوبہ بندی و ترقی پختونخوا شہاب علی شاہ کے خلاف کارروائی روک دی۔
ترجمان نیب کے مطابق بی آرٹی کرپشن کیس میں ان افراد کے خلاف شواہد نہیں ملے اور نیب نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مراسلہ لکھ کرآگاہ کردیا۔
ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ بی آرٹی منصوبہ سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک کےدور حکومت میں شروع ہواتھا اور شہاب علی شاہ منصوبےکے وقت سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی کےپی تھے۔
ترجمان کے مطابق کیس میں سابق چیف سیکرٹری اور 3 چینی کنٹریکٹرز کے خلاف بھی کارروائی روک دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہی پرویز خٹک کو وزیراعظم کا مشیر برائے امور داخلہ مقرر کیا گیا ہے۔