Time 05 اپریل ، 2025
جرائم

کراچی میں پولیس کانسٹیبل نے ڈاکوؤں کی لوٹ مار کی کوشش ناکام بنادی، دونوں ڈاکو ہلاک

کراچی کے علاقے غازی گوٹھ میں سادہ لباس اہلکار نے چائے کے ہوٹل پر ہونے والی ڈکیتی کی واردات کو ناکام بنادیا اور اہلکار کی فائرنگ سے دونوں ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق سچل تھانے کی حدود میں واقع غازی گوٹھ بلاک جی میں چائے کے ہوٹل پر دو ڈاکو لوٹ مار کی نیت سے پہنچے تاہم اس ہوٹل میں سادہ لباس پولیس اہلکار بھی موجود تھا۔ 

حکام کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں نے واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تو پولیس اہلکار حیدر علی نے انہیں روکا جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔ پولیس اہلکار کی جوابی فائرنگ سے دونوں ڈاکو شدید زخمی ہوئے اور اسپتال منتقلی کے دوران ہلاک ہوگئے۔

ملزمان کے قبضے سے دو 9ایم ایم پسٹلز، 8 موبائل فونز اور تھانہ سمن آباد کی حدود سے چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت کیلئے نادرا سے مدد لی جارہی ہے۔

مزید خبریں :