11 اپریل ، 2025
پنجاب کے ضلع بہاولپور میں 20 لاکھ روپے تاوان کی وصولی کیلئے ایک گھر میں رکھا گیا بم نقلی ثابت ہوا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گورنمنٹ کوآپریٹو ہاؤسنگ کالونی میں گھروں کی کنسٹرکشن کرنے والے منور نامی شخص کے گھر میں بم رکھ کر بذریعہ خط 20 لاکھ روپے تاوان مانگا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق بم کی اطلاع نامعلوم ذرائع سے بھیجے گئے خط کے ذریعےدی گئی اور خط کی تحریر میں طالبان کے نام پر 20 لاکھ روپے تاوان کی ڈیمانڈ کی گئی تھی جب کہ رقم گھریلو ملازم کے ذریعے بھجوانے کا لکھا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ گھر میں رکھے گئے بم کی اطلاع ملنے پر تمام ادارے متحرک ہوگئے، پولیس، سول ڈیفنس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ سمیت دیگر سکیورٹی ادارے موقع پر پہنچ گئے تاہم چیک کرنے پر بم نقلی نکلا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ بم میں صرف ریت بھری ہوئی تھی اور نقلی بم پر ڈیجیٹل اسکرین بھی نصب کی گئی تھی جس کے بعد پولیس نے برآمد شدہ نقلی بم قبضے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کردی۔