10 مارچ ، 2013
پشاور … تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ جس دن ان کا بیٹا لیڈر بنا وہ اسی دن پارٹی چھوڑ دیں گے، تحریک انصاف کو فیملی لمیٹڈ کمپنی نہیں بنائیں گے۔ عمران خان نے تحریک انصاف کے 10 لاکھ رضا کاروں پر مشتمل تبدیلی فور س بھی قائم کرنے کااعلان کیا۔ عمران خان نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے عام کارکن میں اتنی جرأ ت نہیں کہ وہ صدر زرداری اور نواز شریف سے ان کے اثاثوں کے بارے میں سوال پوچھ سکے جبکہ تحریک انصاف کے رہنماوٴں نے اپنے اثاثوں کی تفصیل پارٹی کی ویب سائٹ پر فراہم کردی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی فرقہ واریت کا حل صرف تحریک انصاف کے پاس ہے جبکہ دوسری جماعتیں اقتدار ختم ہونے پر آل پارٹیز کانفرنس منعقد کررہی ہیں۔ عمران خان نے تحریک انصاف کے 10 لاکھ کارکنوں پر مشتمل تبدیلی رضا کار فورس قائم کرنے کا اعلان بھی کیا، یہ رضا کار گھر گھر تبدیلی کا پیغام پہنچائیں گے اور انتخابات میں دھاندلی کا راستہ روکیں گے، عمران خان نے 23 مارچ کو لاہور میں نئے پاکستان کا منشور پیش کرنے کا اعلان بھی کیا۔