10 مارچ ، 2013
لاہور … لاہور پولیس نے بادامی باغ واقعے میں ملوث 150 ملزمان کو گرفتار کرلیا، مزید کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ لاہور میں بادامی باغ کے علاقے میں مسیحی آبادی پر حملے کے واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس کی 8 ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہیں، ویڈیو اور تصاویر کی مدد سے 150 شرپسندوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار مبینہ ملزمان کو ویڈیو فوٹیج اور تصاویر کی مدد سے شناخت کے بعد میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز توہین رسالت کے مبینہ واقعے کے بعد مشتعل افراد نے مسیحی آبادی پر حملہ کرکے 175 سے زائد گھر، دکانیں اور چرچ جلادیئے تھے ۔