10 مارچ ، 2013
اسلام آباد …رینٹل پاورکیس کی تحقیقات شعیب سڈل کی سربراہی میں آزادانہ کمیشن سے کرانے سے متعلق وزیراعظم کی درخواست کی سماعت کل سپریم کور ٹ میں ہوگی ۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں قائم تین بینچ وزیراعظم کی درخواست کی سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس گلزار احمد اور جسٹس شیخ عظمت سعید بھی شامل ہیں۔چیف جسٹس نے وزیراعظم کو کیس کی سماعت کے لئے خود یا اپنے وکیل کے ذریعے پیش ہونے کا نوٹس جاری کررکھا ہے۔وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھا تھا کہ جس میں رینٹل پاور کیس میں ڈاکٹر شعیب سڈل کی سربراہی میں آزادانہ کمیشن بنانے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان پر رینٹل پاور کیس میں بدعنوانی کے الزامات غلط ہیں۔اور اس کے لئے وہ ہرقسم کی تحقیقات کے لئے تیار ہیں۔جس پر چیف جسٹس آف پاکستان نے خط کا جائزہ لینے کے بعد اسے متفرق دیوانی درخواست میں تبدیل کرتے ہوئے کھلی عدالت میں سماعت لگانے کا حکم دے تھا۔