11 مارچ ، 2013
لاہور…لاہور کے علاقے بادامی باغ کی جوزف کالونی میں مسیحی برادری کے جلائے گئے گھروں کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے جبکہ 60 متاثرین کو امدادی چیک بھی دے دیئے گئے ہیں۔ تعمیر کے پہلے مرحلے میں حکومت کی ہدایت پر مقامی رہائشی گھروں سے ہر قسم کا سامان باہر نکالنے میں مصروف ہیں۔ مکانات کی تعمیر کے لئے مزدوروں نے آگ سے متاثرہ گھروں کو مسمار کرنا شروع کر دیا ہے۔حکومتی ترجمان کے مطابق گھروں کی تعمیر کے لئے ضروری اشیا بھی بھجوائی جا رہی ہیں، جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گزشتہ رات متاثرین کو 5،5 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے گئے۔ ٹاوٴن ہال لاہور میں متاثرین بادامی باغ میں چیک تقسیم کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ابھی 60 متاثرین میں چیک تقسیم کیے ہیں اور 255 افراد میں امدادمی چیک تقسیم کیے جائیں گے۔ دو سے تین دنوں میں گھروں کی باقاعدہ تعمیر شروع کر دی جائے گی اور واقعے کی جوڈیشنل انکوائری کے بعد جو بھی ذمہ دارہوں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انتشار پھیلانے والے 150 سے زائد افراد کو گرفتار کیاہے ، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔