11 مارچ ، 2013
اسلام آباد … وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ 16 مارچ کو کابینہ ختم ہوجائے گی، نگراں وزیراعظم کی تعیناتی تک راجا پرویز اشرف وزیراعظم رہیں گے، نئے کاغذات نامزدگی پر اعتراض صدر کو بھیج دیئے، فیصلہ صدر مملکت کریں گے، انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنا صدر مملکت کی صوابدید ہے۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی پر الیکشن کمیشن کی ترامیم سے متعلق اعتراضات صدر کو بھیج دیئے، کاغذات نامزدگی میں ترامیم کا اختیار صدر مملکت کے پاس ہے، سپریم کورٹ کی ہدایت پر انتخابی اخراجات کیلئے الیکشن کمیشن کا اکاوٴنٹ کھولا۔ انہوں نے کہا کہ نئے کاغذات نامزدگی سے متعلق ہمارے اعتراضات حرف آخر نہیں، فیصلہ صدر مملکت کریں گے، انتخابی شیڈول دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے، انہوں نے مجوزہ شیڈول دے دیا، الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنا صدر مملکت کی صوابدید ہے۔ فاروق نائیک نے مزید کہا کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 60 دن کے اندر الیکشن ہونے چاہئیں، قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد وفاقی کابینہ ختم ہوجائے گی۔ وفاقی وزیر قانون کا کہنا ہے کہ جب تک نئے وزیراعظم کی تعیناتی نہیں ہوگی راجا پرویز اشرف وزیراعظم ہوں گے، قومی اسمبلی کی تحلیل تک نام فائنل نہ ہوا تو آرٹیکل 224 اے کے تحت کارروائی ہوگی، جس کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر 2، 2 نام تجویز کریں گے۔ انہو نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ جلد از جلد بلوچستان سے گورنر راج ختم کردیا جائے گا۔