15 مارچ ، 2013
لاہور… چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان آیندہ عام انتخابات لاہور اور میانوالی سے لڑیں گے۔تحریک انصاف خیبر پختون خواکے جنرل سیکریٹری شوکت یوسف زئی نے جیو نیوز کو بتایا کہ عمران خان نے لاہور اور میانوالی سے قومی اسمبلی کے دو حلقوں پر عام انتخابات لڑنے کے لیے درخواستیں جمع کر ا دی ہیں۔ جب کہ پارٹی کارکنوں کے اصرار پر پشاور اور سوات سے بھی عمران خان کے عام انتخابات لڑنے کے لیے مشاورت جاری ہے۔ شوکت یوسف زئی کے مطابق خیبر پختون خوا میں امیدواروں سے انتخابی درخواستیں وصول کرنے کی آخری تاریخ 18 مارچ مقرر کر دی گئی ہے جس میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ تاہم تین سال کے انکم ٹیکس گوشوارے اور تعلیمی اسناد جمع نہ کرانے والوں سے درخواستیں وصول نہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔