پاکستان
17 مارچ ، 2013

تباہی کے ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے، اختر مینگل کا چیف جسٹس کو خط

تباہی کے ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے، اختر مینگل کا چیف جسٹس کو خط

اسلام آباد … بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اور بلوچ رہنما سردار اختر مینگل نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کو 6 دہائیوں سے تباہی کے دہانے پر پہنچانے والوں کا احتساب کیا جائے خواہ اس میں کوئی سردار، نواب، جنرل بیوروکریٹ اور کوئی جج بھی شامل ہو۔ یہ بات انہوں نے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے نام کھلے خط میں کہی۔ سردار اختر مینگل نے کہا کہ بلوچستان میں 1971ء کے بعد صاف و شفاف انتخابات منعقد نہیں ہوئے، اسٹیبلشمنٹ نے عوام کے حقیقی نمائندوں کو الیکشن میں روکنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ سردار اختر مینگل نے کہا کہ مجھے انتخابات کے انعقاد سے زیادہ بلوچستان کی دگرگوں صورتحال، لاپتہ افراد کی لاشوں اور معاشی صورتحال پر تشویش ہے اور مجھے اور میری جماعت کو اقتدار سے زیادہ صوبے کی بلوچ ماوٴں، بہنوں اور بیٹوں کو دکھ،تکلیف اور کرب سے نجات دلانا مقصود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن کا منصوبہ اور گوادر پورٹ کو غیرملکی کمپنی کو دینے کا فیصلہ بلوچ اسلام آباد تنازع کے اہم اسباب ہیں۔ سردار اختر مینگل نے کہا کہ سپریم کورٹ پہل کرکے بلوچستان اور اسلام آباد کے مابین سیاسی تنازع کے اسباب پر مکالمہ کراسکتی ہے، آپ اور آپ کے رفقاء جج صاحبان پہل کرکے بلوچستان میں امن کی بحالی کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔

مزید خبریں :