17 مارچ ، 2013
جوہانسبرگ…جنوبی افریقہ نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 34رنز سے ہراکر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1کی برتری حاصل کرلی،جنوبی افریقہ کے کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز اور ہاشم آملہ کو ورلڈ ریکارڈ شراکت قائم کرنے سنچریاں بنانے پر مشترکہ طور پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ کا ٹاس پاکستان نے جیت کر پہلے پروٹیز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر افریقی الیون نے اپنے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 343جیسا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔جواب میں پہلی وکٹ جلد گرنے کے باوجود پاکستان نے ہدف کا بہترین انداز میں تعاقب شروع کیا۔لیکن ایک بار پھر مڈل آرڈر بیٹنگ خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی،البتہ اس موقع پر آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے طوفانی 88اور وہاب ریاض کے جارحانہ 45نے پاکستان کی امیدیں میچ کے آخر تک زندہ رکھیں،تاہم پاکستان کی پوری ٹیم 48.1اوورز میں 309رنز پر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ 57،کامران اکمل30اور کپتان مصباح الحق 28دیگر قابل ذکر بیٹسمین تھے۔جنوبی افریقہ کے بولروں میں سوٹ سوبے اور میک لارین نے تین تین جبکہ پیٹرسن نے دو اور کلین ویلڈیٹ اور ڈیل اسٹین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اب چوتھا ون ڈے میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔