17 مارچ ، 2013
لاہور…تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان کے صدر مفتی منیب الرحمان نے سانحہ بادامی باغ کی مذمت کی ہے اور واقعے کے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ سانحہ جوزف کالونی کے ذمے دار قومی مجرم ہیں،انہیں گرفت میں لا کر سزائیں دلوانا حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے ، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مختلف مسالک کے افراد کا قتل قابل مذمت ہے، مسیحی برادری اور دیگر کو مکمل تحفظ فراہم کرنا ریاست کا کام ہے ،مفتی منیب الرحمان نے مطالبہ کیا کہ مسیحی برادری کیلئے اقلیت اور عیسائی کے بجائے مسیحی کا لفظ استعمال کیا جائے ۔انھوں نے جوزف کالونی کے متاثرہ گھروں کی تعمیرومرمت کے کام کو سراہا ۔