پاکستان
18 مارچ ، 2013

نبیل گبول کی شمولیت حق پرست نظرئیے کی فتح ہے،عباد الرحمن

نبیل گبول کی شمولیت حق پرست نظرئیے کی فتح ہے،عباد الرحمن

واشنگٹن…ایم کیو ایم نارتھ امریکہ کے نگران عبادالررحمان اور امریکہ و کینیڈا کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی ، اقبال قمر سمیت ایم کیو ایم امریکہ و کینیڈا کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر نبیل گبول کی ایم کیو ایم میں شمولیت کا زبردست خیر مقدم کیا ہے اور اسے ملک سے ظلم اور زیادتی کے نظام کے خاتمے کے لئے نیک شگون قرار دیا ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں ایم کیو ایمشمالی امریکا کے ذمہ داران نے کہا کہ نبیل گبول نے لیاری کے عوام کے ساتھ کی جانے والی ناانصافیوں ، زیادتیوں کے خاتمے اور کراچی میں امن اور بھائی چارے کی فضا کے فروغ کے لئے ایم کیو ایم میں شامل ہو کر یہ ثابت کردیا ہے کہ ایم کیو ایم ہی تمام لسانی اکائیوں کے حقوق کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی وہ واحدسیاسی جماعت ہے جس نے بلا رنگ و نسل اور زبان عوام کی خدمت کی ہے اور لیاری کے مظلوم عوام کو لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں سے آزاد کرانے کے لئے ایم کیو ایم نے نہ صرف ہر فورم پر آواز احتجاج بلند کی ہے بلکہ مشکل کی ہر گھڑی میں لیاری کے عوام کے ساتھ کھڑی رہی۔انہوں نے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے سچے اور مخلص رہنماؤں اور کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ پاکستان سے جاگیردارانہ، سرمایہ دارانہ نظام اور موروثی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں تو ایم کیو ایم میں شامل ہو جائیں، پاکستان میں حقیقی جمہوریت کو متعارف کرانے اور عوام کی حکمرانی قائم کرنے کے لیے پاکستان کے عوام کو قائد تحریک الطاف حسین کے ہاتھ مظبوط کرنے ہوں گے۔انھوں نے پاکستان بھر کے حق پرست عوام کو نبیل گبول کی ایم کیو ایم میں شمولیت پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ بہت جلد قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں پاکستان امن، ترقی اور خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہو گا۔

مزید خبریں :