02 مارچ ، 2012
اسلام آباد … وزارت اقتصادی امور کے سابق مشیر اور نسٹ اسکول آف بزنس کے ڈین ڈاکٹر اشفاق حسن نے کہا اگر پی آئی اے، ریلوے، پاکستان اسٹیل اور پیپکو ایک روپے میں بھی بکتے ہیں تو اس کے ملازمین کو فروخت کردیں تاکہ ہر سال 300 ارب کا خسارہ نہ ہو۔ اسلام آباد میں ڈاکٹر اختر حسن کی نجکاری اور اس کے اثرات کے موضوع پر لکھی گئی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب میں ڈاکٹر اشفاق حسن نے کہا کہ موجودہ حکومت کے 4 سال میں 1300 ارب روپے سرکاری اداروں کے خسارے کی نذر ہوئے اور یہ رقم قرضے لے کر اور ٹیکس آمدنی سے خسارے میں جھونک دی گئی۔ وزارت اقتصادی امور کے سابق مشیر ثاقب شیرانی نے کہا کہ 3 سال تک تمام سرکاری کارپوریشنز میں وزیر اور سیکریٹری کی مداخلت ختم کردیں اور منافع میں 25 فیصد حصہ ملازمین کو دیں تو یہ ادارے بہتر ہوسکتے ہیں۔ ڈاکٹر اختر حسن نے کہا کہ اگر معاشی پالیسیاں تبدیل کی جائیں تو پاکستان میں صنعتی ترقی ہوسکتی ہے جو معاشی ترقی کو فروغ دے گی۔