پاکستان
18 مارچ ، 2013

قوم جمعہ 22 مارچ کویوم استغفارودعامنائے،جماعت اسلامی کی اپیل

 قوم جمعہ 22 مارچ کویوم استغفارودعامنائے،جماعت اسلامی کی اپیل

لاہور…امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے قوم سے 22 مارچ بروزجمعة المبارک کو ملک بھر میں ”یوم استغفارودعا“ منانے کی اپیل کی ہے۔ قوم 22مارچ کو انفرادی و اجتماعی طور پر رجوع الی اللہ کا اہتمام کرے۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں سید منور حسن نے کہا کہ بدامنی ، دہشت گردی ،فسادات نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے رکھاہے۔ قومی سطح کی قیادتیں اور حکمران طبقات اس وژن ،دلسوزی ، قوت فیصلہ اور جرأت سے بالکل عاری ہیں جن کو بروئے کار لا کر کسی قوم کو بحرانوں سے نجات دلائی جاسکتی تھی۔اس پرمستزادپاکستانی قوم کی حالت جو گروہ در گروہ تقسیم ہوچکی ہے۔انکاکہناتھاکہ5سال بظاہر اقتدار عوام کے منتخب نمائندوں کے ہاتھ میں رہا، مگر عوام کے جان و مال کے تحفظ ، حالات کی بہتری کا گراف آج تنزلی کی بدترین صورت میں ہے اور زمین اپنی وسعتوں کے باوجود اس وطن کے باسیوں پر تنگ کردی گئی ہے۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی سید منور حسن اور سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے قومی ہیرواور 65ء کی جنگ میں چند لمحوں میں پانچ طیارے گرا کر بھارتی فضائیہ کی کمر توڑنے والے سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔علاوہ ازیں منورحسن اور لیاقت بلوچ نے پشاور میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لیے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیاہے۔

مزید خبریں :