18 مارچ ، 2013
کراچی …بلدیہ عظمی کراچی کے محکمہ فائر بریگیڈ کے ذرائع کے مطابق شہر میں آگ بجھانے والی 56 میں سے تقریباً40 گاڑیاں استعمال کے قابل نہیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اس وقت کراچی میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فائر بریگیڈ کی صرف 16 گاڑیاں قابل استعمال ہیں، دیگر کسی نہ کسی خرابی کا شکار ہیں۔ کے ایم سی کے پاس گاڑیوں کی مرمت کے لیے 2 ورکشاپ موجود ہیں اس کے باوجود گزشتہ 5 سال سے ایک نجی ورکشاپ کو فائر ٹینڈرز کی مرمت کے لیے سالانہ 5 کروڑ روپے کا ٹھیکہ دیا جاتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نجی ورکشاپ نے بھی ایک کروڑ روپے سے زائد کی واجبات ادا نہ کئے جانے پر گاڑیوں کی مرمت سے انکار کر دیا ہے۔اس صورتحال میں شہر میں کسی بھی بڑے حادثے سے نمٹنے میں شدید مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ دوسری جانب آج کل فائر بریگیڈکو ماہانہ 60 لیٹر فی گاڑی فیول دیا جاتا ہے جو کہ نہ کافی ہے۔ جہاں گاڑیوں کی یہ صورتحال ہے وہیں فائر بریگیڈ کا عملہ بھی اپنی تنخواہ اور 3 ماہ کے اوور ٹائم سے محروم ہے۔