18 مارچ ، 2013
کراچی …سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کی میڈیکل بورڈ سے عمر کے تعین کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردئیے۔ شاہ رخ جتوئی کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں اخترحسین ایڈوکیٹ نے درخواست دائر کی ،جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ طبی بنیاد پر عمر کا تعین نہیں کیا جاسکتا۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ صرف عمر کا اندازہ لگا سکتا ہے جبکہ نادرا سے مستند دستاویزات کی روشنی میں شاہ رخ کی عمر پر فیصلہ نہیں کیا گیا۔عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل، پراسیکیوٹر جنرل اور دیگر کو پانچ اپریل کے لئے نوٹس جاری کردئیے جبکہ شاہ زیب قتل کیس کے مدعی اورنگزیب خان کودرخواست میں فریق بننے کی اجازت دے دی۔