19 مارچ ، 2013
اسلام آباد… چیف جسٹس آف پاکستان،جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے اوپر2 ججز کا کمیشن قائم کرنے کی کوشش کی گئی، اس عمل کا مقصد ملک میں ابتر صورت حال پیدا کرنا تھا، چیف جسٹس نے یہ ریمارکس چیئرمین نیب کے صدر کو لکھے گئے خط پر انکوائری کمیشن کے قیام سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران دیئے۔سپریم کورٹ چیف جسٹس افتخار محمدچودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایسے ڈیل کیا جا رہا ہے جیسے عدلیہ انتظامیہ کا ماتحت ادارہ ہو، عدلیہ کو اس طرح نیچا دکھانے کی کوشش نہ کریں،انہوں سوال کیا کہ کیا مستقبل میں دوبارہ ایسا ارادہ ہے کہ کمیشن بنایا جائے؟چیف جسٹس کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کمیشن کے قیام کا نہیں کہا،بلکہ رائے مانگی جس پر انھیں کمیشن قائم کرنے کی رائے دی گئی۔چیئرمین نیب کے صدر کو لکھے گئے خط پر انکوائری کمیشن کے قیام سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت جا ری ہے۔