20 مارچ ، 2013
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بعض اخبارات اور الیکٹرانک میڈیامیں آنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ جن میں کہا گیا کہ ایم کیو ایم اورسابق صدر ریٹائرڈ جنر ل پرویز مشرف کی آل پاکستان مسلم لیگ کے مابین کسی قسم کا اتحادہوا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے واضح الفاظ میں کہا کہ ایم کیوایم کا نہ تو پرویز مشرف یاان کی جماعت سے کسی قسم کا کوئی اتحادہوا ہے ، نہ ہی انکے ساتھ کسی قسم کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جارہی ہے۔اس حوالے سے آنے والی خبریں سراسربے بنیاد، من گھڑت اورسفید جھو ٹ پر مبنی ہیں جن میں قطعی کوئی صداقت نہیں ہے ۔رابطہ کمیٹی نے اس طرح کی بے بنیادخبروں پرانتہائی افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ اگر کسی کے پاس اس خودساختہ معاہدے کی کوئی کاپی ہو تو عوام کے سامنے لائی جائے ۔رابطہ کمیٹی نے میڈیا نمائندوں سے بھی موٴدبانہ گزارش کی کہ وہ بغیرثبوت وشواہد کے سنی سنائی باتوں کو آگے بڑھانے سے گریز کریں۔