21 مارچ ، 2013
ڈیلس…راجہ زاہد اختر خانزادہ/نمائندہ خصوصی…پاکستان میں اتحادی حکومت کے 5سال کامیابی سے مکمل کرنے پر ساوٴتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ نے تمام جماعتوں کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کیا ہے۔ امریکا میں قائم غیر سرکاری تنظیم ساوٴتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کی جانب سے منعقد کےئے جانے والے اجلاس میں جمہوریت کے استحکام کیلئے نہ صرف پارلیمنٹ میں موجود جماعتوں کے کرادر بلکہ پارلیمنٹ سے باہر سیاسی جماعتوں کو بھی جمہوریت کے فروغ کیلئے خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پانچ سالہ جمہوری دور میں عدلیہ کی بحالی سب سے بڑا اور جمہوری تحفہ تھا جبکہ صوبائی خودمختاری ،بین الصوبائی ہم آہنگی کیلئے این ایف سی ایوارڈ کا اجراء، آئینی ترامیم جس میں اٹھاون ٹو بی کا خاتمہ، صدارتی اختیارات پارلیمنٹ کو واپس کرنے جیسے اقدامات کیئے گئے۔خیبر پختون خوا سمیت فاٹا اور اس سے ملحقہ علاقوں میں دہشتگردی کیخلاف فوجی آپریشن کو بھی جمہوریت کا بڑا کارنامہ قرار دیا گیا۔ساوٴتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے اجلاس میں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 5ہزار فوجی اہلکارں سمیت 35ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو بھی سراہا گیا۔ نیٹو سپلائی بند کرنا، گوادر پورٹ چین کودینا اور ایران سے گیس پائپ لائن معاہدے کے اقدامات کو جمہوری حکومت کا کارنامہ قرار دیا گیا ۔ پاکستان میں افراط زر، اداروں کی مضبوطی کے لئے کئے گئے اقدامات کا بھی اجلاس میں خصوصی طور پرذکر کیا گیا۔اجلاس میں ساوٴتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ میں نئے آنے والے ایڈوائزری بورڈ اراکین جن میں معروف سیاسی ،سماجی شخصیت پروفیسر ڈاکٹر پرویز ہود بھائی، ڈاکٹر امان اللہ خان، ڈاکٹر نائیلہ کے شامل ہونے پر ان کا پر جوش خیرمقدم کیا گیا۔ بورڈ اراکین ڈاکٹر قیصر عباس، سید فیاض حسن، راجہ زاہد خان زادہ، سراج بٹ، راجہ مظفر کشمیری، آفتاب صدیقی اور دیگر بورڈ اراکین نے شرکت کی۔