04 مارچ ، 2012
لاہور … مسلم لیگ ق کے نومنتخب سینیٹر کامل علی آغا نے دعویٰ کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں انہیں 11ووٹ مسلم لیگ ن کے ارکان نے دیئے، شجاعت حسین نے بھی پیپلز پارٹی سے 10 ووٹ لے کر دیئے جنہوں نے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ لاہور میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کی انہوں نے پیپلز پارٹی کے 12 ووٹ خرید کر محسن لغاری کو دیئے۔ بلوچستان میں مسلم لیگ ن کا صرف ایک ووٹ ہے لیکن وہاں ٹکٹ 2 لوگوں کو دیئے، یہ ہارس ٹریڈنگ کی مثال ہے۔ کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے اسلم گل سے زیادتی ہوئی ایک فیوڈل لارڈ کو نوازنے کیلئے پیپلز پارٹی کے لوگوں نے غداری کی، پیپلز پارٹی کو اپنی صفوں میں شامل غدارروں کا نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلم گل سپریم کورٹ جائیں تو انہیں انصاف مل سکتا ہے۔