پاکستان
04 مارچ ، 2012

حامد میر کے وارنٹ گرفتاری، الطاف حسین کی جانب سے شدید مذمت

حامد میر کے وارنٹ گرفتاری، الطاف حسین کی جانب سے شدید مذمت

لندن … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سینئر اینکر پرسن حامد میر کے خلاف مقدمہ قائم کرنے اور وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اورا س عمل کو آزادی ء صحافت کے اصولوں کے صریحاً خلاف قرار دیا ہے۔ لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے ایم کیو ایم کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ کوئٹہ میں سینئر اینکر پرسن حامد میر کے خلاف نہ صرف مقدمہ درج کیا گیا ہے بلکہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں۔ ایم کیو ایم اس عمل کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ حامد میرکے خلاف قائم کردہ جھوٹے مقدمات فی الفور واپس لئے اور وارنٹ منسوخ کئے جائیں،انہیں ہراساں کرنے کا عمل بند کیا جائے۔ الطاف حسین نے حامد میر سمیت تمام سینئر اینکر پرسنز اور پوری صحافی برادری سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاستی طاقت کے حربوں سے نہ تو سینئر اینکر پرسنز کو ڈرایا دھمکایا جاسکتا ہے اور نہ ہی میڈیاکی آزادی کو کچلا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حامدمیرکے خلاف جھوٹے مقدمے اور وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے عمل سے تمام جمہوریت پسند حلقوں کو شدید افسوس ہوا ہے اور سب نے کھلے الفاظ میں اس عمل کی شدید مذمت کی ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کرے جو صحافی برادری میں بے چینی پیداکرنے کاسبب بنیں۔

مزید خبریں :