05 اپریل ، 2013
گجرات…پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ماضی میں میٹرک تک تعلیم مفت کی تھی مستقبل میں قوم نے موقع دیا تو ملک بھر میں بی اے تک تعلیم مفت کردیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 105 گجرات میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی اہم شخصیات کی مسلم لیگ ق میں شمولیت کے موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چودھری پرویز الہیٰ کاکہنا تھا کہ تعلیم میں سرمایہ کاری کا مطلب پاکستان کے بہتر مستقبل میں سرمایہ کاری ہیجس سے نئے سکول ،یونیورسٹیاں بنائیں گے اور ملک سے جہالت کے اندھیرے دور کریں گے۔چودھری پرویز الہیٰ کاکہنا تھا کہ مفت تعلیم دینا انکی پارٹی کامنشور ہے تاکہ عام آدمی کی زندگی سے جہالت کو ختم کرکے ان کا مستقبل روشن کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی کا پہیہ جہاں انکی وزارت اعلیٰ کے دور میں رکا تھا الیکشن میں کامیابی کے بعد وہیں سے شروع کریں گے۔