05 اپریل ، 2013
پشاور … الیکشن کمیشن کی ہدایت پر خیبرپختونخوا حکومت نے بیوروکریسی میں تبادلے اور تعیناتیاں کی ہیں جس کے تحت 5 سیکریٹریز کے محکمے تبدیل کر دیئے گئے۔ محکمہ اسٹیبلشمنٹ کے نوٹی فکیشن کے مطابق ڈی جی فاریسٹ انسٹی ٹیوٹ سید شاہ بخاری کو تبدیل کرکے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، چیئرمین سرحد ڈیولپمنٹ اتھارٹی وقار ایوب کو سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو تعینات کردیا گیا ہے جبکہ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اورنگ زیب خان کو تبدیل کرکے سیکریٹری ریلیف، سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ساجد خان جدون کو سیکریٹری بین الاصوبائی رابطہ مقرر کیاگیا ہے۔ اسی طرح سیکریٹری ریلیف عابد علی کو سیکریٹری ہیلتھ اور سیکریٹری ہیلتھ اشفاق احمد خان کو سیکریٹری معدنیات لگا دیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق سیکریٹری معدنیات جمال الدین کو سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور سیکریٹری ایکسائز ساجد خان جدون کو سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ مقررکیاگیا ہے جبکہ سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو انجینئر زاہد عارف کو محکمہ سی اینڈ ڈبلیو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔