05 اپریل ، 2013
کراچی…نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں اور پولیس اور رینجرز کو سختی کے ساتھ ہدایات دی گئیں ہیں کہ وہ امن و امان کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں۔ انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ ہاوٴس میں کراچی تاجر اتحاد کے وفد سے گفت گو میں کہی۔ نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ٹیکس ادا کرنے والے چھوٹے بڑے تمام تاجروں کو اسلحہ لائسنس جاری کیا جائیگا۔ نگران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کا مسئلہ کافی عرصے سے ہے جسے بہتر بنانے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پوری کوشش کررہے ہیں کراچی میں امن کا قیام ہو اور کراچی شہر کی رونقیں بحال ہوں۔ کراچی اتحاد کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ کو کراچی کی مارکیٹوں میں بھتہ خوری، ہراساں کرنے اور مارکیٹوں کے اطراف میں غلط پارکنگ جیسے مسائل کی نشاندہی کی۔ نگران وزیراعلیٰ سندھ نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل کا بغور جائزہ لیا جائیگا اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔