پاکستان
05 اپریل ، 2013

کالعدم تنظیم کی چھاپ لگا کر دیوار سے لگایا جارہا ہے، مولانا اورنگزیب فاروقی

کالعدم تنظیم کی چھاپ لگا کر دیوار سے لگایا جارہا ہے، مولانا اورنگزیب فاروقی

کراچی… اہلسنت والجماعت کراچی کے امیر مولانا اورنگزیب فاروقی کا کہنا ہے کہ شہر میں اہلسنت علماء، طلبہ، شہریوں اور کارکنوں سمیت ہزاروں لوگ ماردیئے گئے۔ کالعدم تنظیم کی چھاپ لگا کر اہلسنت والجماعت کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ مولانا اورنگزیب فاروقی نے سپریم کورٹ کراچی میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں اہلسنت کے کارکنان سمیت ہزاروں لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اہلسنت کے شہداء کے لواحقین کو معاوضہ دیا گیا نہ ہی قاتلوں کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ، نرسری پر علماء کے قتل میں ملوث سیاسی جماعت کے کارکن کی گرفتاری کی خبریں تو آئیں لیکن گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی۔ قاری محمد امین کا قاتل بھی رنگے ہاتھوں پکڑا گیا اس کا تعلق بھی ایک سیاسی جماعت سے ہے۔ 94 کارکنان بلاجواز گرفتار کئے گئے اور ان میں کئی کئی لاپتا ہیں۔اس پر جسٹس خلجی عارف نے کہا کہ، آپ عالم ہیں تفرقہ پیدا کرنے کے بجائے معاشرے میں محبت پیدا کرنے کے لئے کردار ادا کریں۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کہنا تھا کہ، انصاف کا حصول سب کا حق میں ہے، عباس ٹاوٴن شہداء کے لواحقین کی طرح ان کے شہداء کے لواحقین کو بھی معاوضہ ملنا چاہئے۔چیف جسٹس نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ ہر مقدمے کو انفرادی طور پر دیکھ کر تین روز میں رپورٹ پیش کی جائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ رنگے ہاتھوں گرفتار قاتل کی رہائی کے لئے دباوٴ سے متعلق اورنگزیب فاروقی کے تحفظات کا بھی ازالہ کیا جائے۔

مزید خبریں :