06 اپریل ، 2013
حیدرآباد…چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چودھری کا کہنا ہے کہ انتخابات میں جوڈیشل افسران کی تعیناتی قومی مفاد میں ہے۔ریٹرننگ افسران آئینی ذمے داری ایسے نبھائیں کہ کوئی انگلی نہ اٹھاسکے۔چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس افتخار محمد چودھری نے حیدرآباد کے دربار ہال میں ضلعی ریٹرننگ افسران کے اجلاس سے خطاب کیا۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کا انعقاد آئینی عمل ہے۔شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کرانا الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمے داری ہے اور اس کی درخواست پر عدلیہ مدد کررہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ریٹرننگ اور جوڈیشل افسران سیاسی بوسز کے غیر قانونی احکامات کے اثر میں نہ آئیں۔اس سے قبل ڈسٹر کٹ بار حیدرآباد اور ٹنڈوالٰہ یار کے وکلا سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سائلین کی مشکلات کم کرنے اورانصاف کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے اب بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ مظلوم کو سکون مہیا کرنے کا واحد راستہ انصاف ہے۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے سندھ لاء کالج حیدرآباد میں نوجوان وکلا سے بھی خطاب کیا۔اس موقع پران کا کہنا تھا کہ 73کے آئین کے تحت اختیارات کے حصول کا مقصد سب کو انصاف کی فراہمی،اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کا ماحول پید اکرناہے۔