06 اپریل ، 2013
اسلام آباد…ملک بھرمیں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہاہے۔ محکمہ موسمیات نے پیر کوسندھ سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔سندھ اور پنجاب میں گرمی بڑھتی جارہی ہے۔ دوپہر کے اوقات میں سڑکیں سنسان ہوجاتی ہیں۔ گرمی کا مقابلہ کرنے کے لئے ٹھنڈے مشروبات کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔ ملک میں آج سب سے زیادہ درجہ حرارت لاڑکانہ میں 42 سینٹی رکارڈ کیا گیا۔ سکھر میں درجہ حرارت 41 اور کراچی میں 33 رہا۔ بلوچستان کے شمالی علاقوں زیارت،موسی خیل،ہرنائی اور قلعہ سیف اللہ میں آج شام اچانک کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی۔ کوئٹہ میں بھی ہلکی بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا۔ بلوچستان کے دیگر علاقے گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔مالاکنڈ ڈویژن، سوات اور گلگت بلتستان کے علاقوں غذر، استور اور دیامر ، میں موسم ابر آلود رہا۔ محکمہ موسمیات نے پیر اور منگل کو سندھ ، اسلام آباد، خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کہیں کہیں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔