17 جنوری ، 2012
دبئی…پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان د بئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا پراعتماد آغاز کرتے ہوئے بناء کسی نقصان کے 42رنزکا مجموعہ ترتیب دیا ہے۔جس وقت پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستانی ٹیم نے پندرہ اوورز کھیلے تھے جبکہ کریز پر اوپنرز محمد حفیظ 22اور توفیق عمر 18 موجود تھے۔اس سے قبل انگلش ٹیم اپنی اننگز میں 192رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ پاکستان کے اسپن جادوگرسعید اجمل نے اپنی تخلیق ”تیسرا“ کو استعمال کرتے ہوئے 7 انگلش بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھاکر کپتان مصباح اور بیٹسمینوں کے لیے صورتحال آئیڈیل بنادی ہے۔واضح رہے کہ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اسے ابتدا ہی میں مشکلات سے دوچار ہونا پڑا اور صرف 10 کے مجموعی اسکور پر پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب اوپنر ایلسٹر کک آوٴٹ ہوئے۔ کپتان اسٹراس 19رنز تک محدود رہے۔سوائے وکٹ کیپر میٹ پرائر70،گریم سوان 34اور مورگن24 کے علاوہ کوئی اور بیٹسمین مصبا ح اینڈ کمپنی کے سامنے مزاحمت نہ کرسکا اور مسلسل وکٹیں گرتی رہیں یوں پوری انگلش ٹیم 192پر پویلین لوٹ گئی۔کل میچ کا دوسرا دن ہے اور پاکستان اپنی پہلی اننگز کاکھیل شروع کریگا۔