08 اپریل ، 2013
ملتان…انتخابات 2013 کے تیسرے مرحلے میں ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف جمشید دستی اور فیصل صالح حیات نے لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ میں اپیلیں دائر کردیں۔لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ نے سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نا اہلی کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی۔ جمشید دستی کے وکیل کا کہنا ہے کہ جمشید دستی نے مظفرگڑھ کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی طرف سے اپنی نا اہلی کے فیصلے کولاہور ہائی کورٹ میں بھی چیلنج کیا ہے۔ جس پر ہائی کورٹ میں آئندہ پیشی پر بحث ہوگی۔سابق رکن قومی اسمبلی فیصل صالح حیات نے بھی این۔ اے 87جھنگ سے کاغذات مسترد ہونے پر لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ میں اپیل دائر کردی۔ جس کی سماعت 9 اپریل کو ہوگی۔