12 اپریل ، 2013
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے افسران کے انضمام کے کیس میں حکومت سندھ سے ڈیپوٹیشن سے فارغ کیے گئے اور ضم کیے جانے والے افسران کی مکمل فہرست کل طلب کرلی ہے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جو افسران چارج چھوڑ کر نہیں گئے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔جسٹس سرمد جلال عثمانی اور جسٹس امیر ہانی مسلم پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے ڈیپوٹیشن کیس کی سماعت کی۔سیکریٹری سروسز نصیر جمالی نے عدالت کو بتایا کہ 155 میں سے زیادہ تر افسران کو ان کے اصل محکمہ میں بھیج دیا گیاہے ،چار یا پانچ افسران ایسے ہیں جن کاحکومت ڈیپوٹیشن برقرار رکھنا چاہتی ہے۔عدالت نے سیکریٹری سروسز کو ڈیپوٹیشن سے ہٹا ئے جانے والے تمام افسران کی مکمل فہرست پیش کرنے کا حکم دیا اورکہا کہ جو افسران چارج چھوڑ کر نہیں گئے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔