14 اپریل ، 2013
لاہور … جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ریٹرننگ افسران نے مذہب کے نام پر لوگوں سے سوال کرکے ان کی تذلیل کی، پاکستان اسلام کیلئے بنا ہے، الیکشن کمیشن روز بہ روز ضابطہ اخلاق میں اضافہ کر رہا ہے، ہماری پہلی ترجیح ملک میں امن و امان قائم کرناہے۔ لاہور کے علاقے گلشن راوی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں جے یو آئی کے 600 سے زیادہ امیدوار کھڑے کئے گئے ہیں، ہماری پہلی ترجیح ملک میں امن و امان قائم کرنا ہے، تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے منشور کے ساتھ میدان میں اترچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیکشن کمیشن روز بہ روز ضابطہ اخلاق میں اضافہ کر رہا ہے، الیکشن کمیشن کہتا ہے کہ انتخابات میں ووٹ اسلام کے نام پر نہ لیں، اسلام کا نام استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی تو یہ نظریہ پاکستان کا انکار ہے، پاکستان اسلام کیلئے بنا ہے۔ فضل الرحمان نے مزید کہا کہ یہ الیکشن کمیشن سیکولر تصورات کی نمائندگی کرتا ہے، اس ضابطہ اخلاق پر الیکشن کمیشن اپنی پوزیشن واضح کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسران نے مذہب کے نام پر لوگوں سے سوال کرکے ان کی تذلیل کی، جب آپ کو دین کا علم نہیں تو سوال ایسے ہی گھٹیا ہوں گے، پہلے خود دین کا علم حاصل کرو۔