17 اپریل ، 2013
لاہور … لاہور میں خسرہ کی وبا بے قابو ہونے لگی، آج میو اسپتال میں مزید 3بچے دم توڑ گئے، محکمہ صحت پنجاب کے مطابق شہر میں 28 بچے خسرہ کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ ملتان میں مزید 4 بچوں میں خسرہ کی تصدیق ہوگئی، ادھر جھنگ میں 3 ماہ کے دوران خسرہ سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد10 ہوگئی ۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران میو اسپتال لاہور میں خسرہ سے متاثرہ 23 اور چلڈرن اسپتال میں 22 مزید بچے لائے گئے، ان میں سے لاہور سے تعلق رکھنے والے 3 بچے دم توڑ گئے، ایک ہفتے کے دوران شہر میں جاں بحق بچوں کی تعداد 12 ہوگئی۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گھر گھر جاکر اور اسکولوں میں بچوں کو ویکسین پلانے سے وباء پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق ملتان میں آج 4 بچوں میں خسرہ کی تصدیق ہوئی ہے، جنہیں نشتر اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کرا دیا گیا۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ضلع ملتان میں اس سال یکم جنوری سے اب تک خسرہ سے متاثرہ بچوں کی تعداد 195 ہوگئی ہے۔ ضلع جھنگ میں 3 ماہ کے دوران اس مرض میں مبتلا ہوکر 10 بچے انتقال کرچکے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جھنگ میں خسرہ کا شکار 13 بچے زیر علاج ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں بچوں کا علاج دیگر نجی اسپتالوں میں جاری ہے۔