18 جنوری ، 2012
دبئی…دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ کے 192 رنز کے جواب میں پاکستان کی اننگز جاری ہے۔گزشتہ روز جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 42 رنز بنائے تھے۔ آج محمد حفیظ نے 22 اور توفیق عمر نے 18 رنز ناؤٹ کے ساتھ اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے اس میچ کے پہلے روز دنیا کی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم سعید اجمل کی بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم192 کے معمولی اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔ عالمی شہرت یافتہ آف اسپنر نے نئی تخلیق ”تیسرا آپشن“ کی مدد سے انگلش بیٹنگ لائن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبورکردیا۔ انہوں نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے55 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے کیریئر میں5 ویں مرتبہ 5 وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ انگلش ٹیم کو پورے دن سوائے ٹاس جیتنے کے کوئی اور اچھی خبر نہ مل سکی۔ انگلینڈ کے نامور بیٹسمین پاکستانی بولروں کے سامنے بے بس دکھائی دیئے۔ سعید اجمل نے بولنگ سنبھالتے ہی انگلش بیٹنگ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ پاکستان ٹیم کو اب ذمہ دارانہ بیٹنگ کرنا ہوگی اس کا پہلا ہدف یقینی طور پر مزید 150 رنز اسکور کر کے برتری حاصل کرنا ہوگا۔