12 مئی ، 2013
کوئٹہ…صوبائی الیکشن کمشنر سید سلطان بایزید نے کہا ہے کہ بلوچستان میں عام انتخابات کا مجموعی طور پر ٹرن آوٹ تقریبا چالیس فیصد رہا ،الیکشن کے غیرسرکاری نتائج کا کل تک اعلان کردیاجائے گا۔صوبائی الیکشن کمشنر سید سلطان بایزید نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے بلوچستان میں الیکشن کے لئے اپنے طور پر کافی اچھے انتظامات کئے، تاہم واشک ، آواران اور خاران میں اساتذہ کے انکار کے باعث پولنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،ان کا کہنا تھا کہ پولنگ ڈیوٹی سے غیر حاضر اساتذہ کیخلاف سخت کاروائی کی جائے گی،ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے پشتون علاقوں میں ووٹنگ کا ٹرن آوٹ تقریبا 63فیصد جبکہ بلوچ علاقوں میں یہ تناسب بیس فیصد تک رہا،ایک سوال کے جواب مین انہوں نے کہا کہ واپڈا نے الیکشن کے دوران بجلی بحال رکھنے کے حوالے سے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا، دوسری جانب ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بیلٹ پیپر کے جعلی استعمال کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔