31 مئی ، 2013
لاہور…مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈرون حملے ملکی سا لمیت کے خلاف ہیں۔ طالبان کی جانب سے مذاکرات نہ کرنے کا اُنہیں کوئی علم نہیں۔رائے ونڈ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کہہ چکے ہیں کہ وہ امریکہ سے ڈرون حملے سے متعلق بات کریں گے یہ پتہ لگانا بھی ضروری ہے کہ ڈرون حملے کیوں اور کیسے کئے گئے پنجاب حکومت کی ترجیحات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام تر توانائی بجلی بحران سے نکلنے میں لگائیں گے ۔دریں اثنامسلم لیگ ن کے رہنما ارباب غلام رحیم نے رائے ونڈ میں شہباز شریف سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اُن کا کہنا تھا کہ سندھ میں کرپشن اور کمیشن کے سوا کوئی کام نہیں ہوا ،سندھ حکومت سڑک تو بنوا نہ سکی میٹرو کیا چلائے گی۔انہوں نے کہا ایران اور سعودی عرب سے زیادہ کوئلے کے ذخائر تھر کول میں ہیں۔شہباز شریف نے ایٹمی سائنسدان ثمر مبارک مند سے بھی ملاقات کی اور ملک کو توانائی بحران سے نکالنے کے لیے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے توانائی کے بحران پر ترکی کے سرمایہ کاروں سے بھی تبادلہ خیال کیا۔انکا کہنا تھا کہ پاکستان مین سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔