پاکستان
31 مئی ، 2013

14 ویں قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس کل ہو گا

14 ویں قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس کل ہو گا

اسلام آباد…نئی قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس کل صبح دس بجے ہوگا۔ نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے جس کے ساتھ نئی حکومت کو اقتدار کی منتقلی کا عمل شروع ہوجائے گا۔ جانے والی اسپیکر فہمیدا مرزا ارکان سے حلف لیں گی ساتھ ہی خود بھی حلف اٹھائیں گی،گوہر ایوب کے بعد وہ دوسری اسپیکر ہیں جو دوبارہ ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئیں۔2جون کو دوپہر 12 بجے تک اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے ، 3 جون کو پہلے اسپیکر کا الیکشن ہوگا ،اسپیکر فہمیدا مرزا نو منتخب اسپیکر سے حلف لیں گی اور پھر ذمہ داریاں نئے اسپیکر کے ہاتھ میں آجائیں گی، اس کے بعد ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا،اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے کیا جائے گا،4 جون کو قائد ایوان کے لئے دوپہر 2 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے اور 5 جون کو نئے وزیر اعظم کا ایوان کی تقسیم کے ذریعے انتخاب ہوگا۔مشیر وزارت پارلیمانی اموراظہار امروہوی کے مطابق وزیر اعظم کے لئے ایوان زیریں کی کل تعداد 342 کے آدھے یعنی 171 سے زائد ارکان کی حمایت ضروری ہوگی۔نومنتخب ارکان کی حلف برداری،اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور قائد ایوان کے انتخاب کے بعد پارلیمانی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز بھی ہو جائے گا،اور نئے پارلیمانی سال کے ابتدائی دنوں میں صدر کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کا آئینی تقاضا بھی پورا کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :