31 مئی ، 2013
کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین قومی اسمبلی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے غیر منطقی اقدام قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ واپس لے کر غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے کہاکہ ملک بھرکے غریب پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور فاقہ کشی اور کسمپرسی کی کربناک زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جبکہ پیٹرول کی قیمتوں میں 2 روپے 18 فی لیٹر اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا جس کا براہ راست اثر غریب عوام پرپڑے گا، جو پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب ملک کا اقتدار نئی حکومت کے سپرد ہونے جارہا ہے اور نئی حکومت کی جانب سے سال نوکے بجٹ پر ملک کے غریب عوام کی نظریں جمی ہوئی ہیں، نگراں حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ملک کے غریب عوام کیساتھ سراسر ظلم و نا انصافی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے صدر مملکت آصف علی زرداری، نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسہ سے مطالبہ کیاکہ وزارت پیٹرولیم کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 18 پیسے فی لیٹر اضافے کا فی الفور نوٹس لیا جائے اور پیٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرکے غریب عوام کو ریلیف فراہم کیاجائے۔