05 جون ، 2013
کرک…قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کوہاٹ اور کرک میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔ ڈی پی او نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز پکڑے گئے ٹرک کے خفیہ خانوں سے برآمد کیے گئے بارود کا وزن ساڑھے پانچ ہزار کلو گرام ہے،انڈس ہائی وے بانڈہ داوٴد شاہ کوہاٹ میں منصورگڑھ چیک پوسٹ کے قریب گزشتہ روز قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کی، جہاں ایک ٹرک کو پکڑا گیا،ٹرک کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں بارودی موادبرآمدہوا،ڈی پی او عتیق اللہ وزیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ بارودی مواد کو ٹرک میں فروٹ کے نیچے چھپایا گیاتھا،برآمد ہونے والے بارودی موادکی مقدار ساڑھے پانچ ہزار کلوگرام ہے، جس میں 87 بوریوں سے 4 ہزار 8 سو 68 کلو گرام بارود ، سوئی گیس کے 10 بڑے سلنڈرز سے 50 کلو گرام بارود،پانچ پانچ کلو کے 6 آئی ای ڈیز ، 50 میٹر ڈیٹونیٹر تاریں اور ایک دستی بم سمیت دیگر اسلحہ شامل ہے،جبکہ ٹرک سے دو دہشت گردوں 25 سالہ افضل خان اور 17 سالہ مہران شاہ کو گرفتار بھی کیا گیا، ملزمان کا ہدف ممکنہ طور پر تیل اور گیس کی تنصیبات ہوسکتی تھیں۔ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے بتایا ہے کہ وہ یہ ٹرک میرانشاہ سے لائے تھے اور نامعلوم افراد اُنہیں فون پر ہدایات دیرہے تھے۔ دونوں ملزمان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔