06 جون ، 2013
کراچی … وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاھ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاوٴس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال 14-2013ء کے تحت صوبہ سندھ کے بجٹ کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے خزانہ سید مراد علی شاہ، شکیب قریشی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ) عارف احمد خان، سیکریٹری فنانس سہیل احمد راجپوت، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے خزانہ سید مراد علی شاہ نے آئندہ مالی سال کے حوالے سے محکمہ خزانہ کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری (پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ) عارف احمد خان اور سیکریٹری فنانس نے بھی وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو ترقیاتی کاموں اور دیگر متعلقہ امورکی تفصیلات سے آگاہ کیا۔