پاکستان
06 جون ، 2013

نگراں دورمیں تقررو تبادلوں کا کیس: فیصلہ محفوظ، پیر کو سنایا جائے گا

نگراں دورمیں تقررو تبادلوں کا کیس: فیصلہ محفوظ، پیر کو سنایا جائے گا

اسلام آباد…سپریم کورٹ نے نگراں دور حکومت میں تقرریوں اور تبادلوں کے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیاہے ، مختصر فیصلہ پیر کو سنایا جائے گا۔ نگراں دور حکومت میں تقرریوں اور تبادلوں سے متعلق درخواست مسلم لیگ ن کے رہنما ء خواجہ آصف نے دائر کی تھی جس پر سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کیا۔ سلمان فاروقی کی بطور وفاقی محتسب تقرری کے معاملے پر عدالت نے وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کو کل تک جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے عادل گیلانی نے عدالت کو بتایا کہ سلمان فاروقی کی تقرری غیر قانونی ہے، معاملے کی سنجیدہ انکوائری ہونا چاہیئے۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ سلمان فاروقی کو 5دسمبر 2012کو قائم مقام وفاقی محتسب بنایا گیا، 28فروری 2013کو انہوں نے صدر کے سیکریٹری کا چارج چھوڑ دیا ، یکم مارچ 2013کو ان کی تعیناتی بطور وفاقی محتسب ہو گئی تھی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اگر ان کی تقرری یکم مارچ کو ہوئی ہے تو پھر 25فروری کو انہوں نے کیسے چارج لے لیا۔ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ یکم مارچ کا نوٹیفکیشن وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارے نے جاری کیا جبکہ حکومت کا نوٹی فکیشن 25فروری کا ہی ہے۔ سلمان فاروقی کی تقرری کے معاملے کی مزید سماعت 10جون کو کی جائے گی۔

مزید خبریں :