06 جون ، 2013
لاہور … اندھیرے ختم ہوں گے اور پاکستان جگمگائے گا، وزیراعظم نوازشریف لوڈشیڈنگ ختم کرنے کیلئے بجلی جیسی تیزی دکھانے کو بے قرار ہیں، انہوں نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ ناکارہ مشینری اور نااہل افسر نکالیں، بند پاور پلانٹس میں تیل ڈالیں، سرکلر ڈیٹ کے خاتمے کیلئے کل ہی سے کام شروع کردیا جائے۔ اسٹیٹ گیسٹ ہاوٴس میں اپنی زیر صدارت انرجی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نوازشریف نے کہا اب کسی گھر کا پنکھا بند ہوگا نہ صنعتوں کی چمنیوں کا دھواں، سرکلر ڈیٹ کے خاتمے کیلئے حکمت عملی پر جمعے سے عمل شروع کردیا جائے، ناکارہ مشینری تبدیل کرکے نئی نصب کی جائے اور بند پاور پلانٹس فوری چلائے جائیں۔ وزیر اعظم کا کہناتھاکہ بجلی چوری روکنے کیلئے موٴثر اقدامات کرنا ہوں گے، نااہل افسران کی فہرستیں تیار ہیں، ان سے جان چھڑالیں گے۔ وزیراعظم کا کہناتھاکہ عوام کو لوڈشیڈنگ میں ریلیف اور صنعتوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانی ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ بند پاور پلانٹس کوتیل مہیا کیا جائے اور چاروں صوبو ں میں گیس اور بجلی کی یکساں تقسیم کے فارمولے پر عمل کیا جائے۔ اس سے قبل انرجی امور کے ماہرین نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کوئلے سے جلد اور سستی بجلی مہیا کی جا سکتی ہے، مقامی کوئلے کی بجائے درآمدی کوئلہ زیادہ سود مند ہوگا۔ ، انہوں نے بتایا کہ بجلی پر یومیہ ایک ارب روپے سبسڈی دی جا رہی ہے۔ کانفرنس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، خواجہ آصف، چوہدری نثار، اسحاق ڈار، میاں منشا، شوکت ترین اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔