06 جون ، 2013
اسلام آباد…عالمی علماء کانفرنس نے فتویٰ دیاہے کہ پولیو ورکرز پر حملے شرعی طور پر ناجائز ہیں،پولیو ٹیموں کی حفاظت اور حرمت سب کی ذمہ داری ہے۔ کانفرنس کے اعلامیے میں کہاگیاہے کہ شکیل آفریدی کا پولیو مہم سے کوئی تعلق نہیں تھا ،پولیو ویکسین میں کوئی حرام یا مضر صحت اجزاء شامل نہیں۔ اسلام آباد میں انسداد پولیو پر علماء کی بین الاقوامی کانفرنس ہوئی ، جس میں جاری کردہ فتویٰ میں کہاگیاہے کہ مسلمان بچوں کا پولیو سے بچاوٴ تمام مسلمان والدین کی مذہبی ذمہ داری ہے۔کانفرنس کے اختتام پر جاری کردہ اعلامیے میں کہاگیاہے کہ شکیل آفریدی کاعمل شدیدقابل مذمت ہے۔ ڈرون حملے اور پولیو ٹیموں پر حملے ناقابل برداشت ہیں، حکومت متاثرہ خاندانوں کی کفالت کرے۔پاکستان میں استعمال ہونے والی پولیو ویکسین محفوظ اور موثر ہے،پولیو کی دوا میں ایسے اجزاء موجود نہیں جو تولیدی نظام کو نقصان پہنچائیں۔