06 جون ، 2013
لندن … کراچی کے علاقے ڈیفنس میں بہن کے ولیمے کے روز قتل کئے گئے شاہ زیب کے مقدمے کافیصلہ کل سنایاجائے گا، مقتول کی بہن پریشے خان نے دعویٰ کیاہے کہ بااثرافراد اب بھی لواحقین کو دباوٴ کا نشانہ بنارہے ہیں۔ لندن میں جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے پریشے خان نے کہا کہ دیت دینے کی باتیں بھی ان کے خاندان کو بدنام کرنے کی سازش کاحصہ تھیں اور حقائق توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش جاری ہے۔پریشے نے مطالبہ کیاکہ مقدمے کو مثال بنادیا جائے تاکہ کوئی شخص طاقت یا پیسے کے بل پر عام آدمی کو نشانہ بنانے کی جرأت نہ کرسکے۔ 20 برس کے شاہ زیب کو پچھلے برس دسمبرمیں گولی مارکرموت کے گھاٹ اتاردیا گیا تھا۔ واقعے میں شاہ رخ جتوئی، نواب سراج علی تالپور، ان کے بھائی نواب سجاد علی تالپور اور ملازم غلام مرتضیٰ لاشاری پر الزام عائد کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ مقدمے کا فیصلہ کل سنایاجائے گا۔