دنیا
07 جون ، 2013

امریکا میں شہریوں کی ٹیلی فون کالیں ٹیپ کئے جانے کا انکشاف

امریکا میں شہریوں کی ٹیلی فون کالیں ٹیپ کئے جانے کا انکشاف

واشنگٹن … امریکا میں شہریوں کی ٹیلی فون کالیں ٹیپ کئے جانے اور انٹرنیٹ ریکارڈ حاصل کئے جانے کی خبروں نے ہلچل مچادی، اوباما انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فون کال ٹیپ کرنا اور ریکارڈ حاصل کرنا دہشت گردی کے خطرات سے بچنے کا حصہ ہیں۔ امریکی اور برطانوی اخبارات کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی سابق صدر بش کے دور میں دیئے گئے ایک خفیہ عدالتی حکم کے تحت نہ صرف کروڑوں امریکی شہریوں کے ٹیلی فون ریکارڈ حاصل کررہی ہے بلکہ 9 بڑی انٹرنیٹ کمپنیوں کے سرور تک بھی سیکیورٹی ایجنسی کی رسائی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی ایجنسی کے پروگرام ”پرزم “کے ذریعے مائیکرو سافٹ، گوگل، فیس بک، یاہو، یو ٹیوب اور اس جیسی دیگر کمپنیوں سے صارفین کی ای میل، تصاویر، آڈیو، ویڈیو اور دیگر تفصیلات حاصل کرتی ہے۔ انٹرنیٹ کمپنیوں نے ان خبروں کی تردید کی ہے تاہم ایک امریکی عہدے دار کا کہنا ہے کہ صرف غیرامریکی افراد کی انٹرنیٹ تفصیلات حاصل کی جاتی ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے فون کال ریکارڈ کئے جانے اور انٹرنیٹ کمپنیوں سے صارفین کی نجی معلومات کے حصول کو شہری حقوق کے خلاف قرار دیا ہے اور اس معاملے پر امریکا میں وسیع پیمانے پر بحث شروع ہوچکی ہے۔ دوسری جانب امریکی انتظامیہ نے پروگرام کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر اوباما کی اولین ترجیح امریکا کو محفوظ بنانا ہے، فون کال ریکارڈ کیا جانا اور انٹرنیٹ سے معلومات حاصل کرنا دہشت گردی کے خلاف آلہ ہے۔

مزید خبریں :