17 جون ، 2013
تہران … ایران کے نو منتخب صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت غیر ملکی دباوٴ میں آکر یورینیم کی افزودگی ہرگز نہیں روکے گی۔ صدر منتخب ہونے کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حسن روحانی نے کہا ان کی فتح درحقیقت عوام کی فتح ہے اور وہ ان سے کئے گئے وعدے ضرور پورے کریں گے، تاہم وہ اپنی صفوں میں اتحاد رکھیں اور منظم رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ معتدل حکومت کے قیام، ملکی معیشت کی بحالی اور بیرونی ممالک کے ساتھ تعلقات کیلئے کوششیں کرینگے اور تمام تر فیصلے متعلقہ افراد اور اداروں کے صلاح مشورے کے بعد کئے جائیں گے۔ حسن روحانی نے ایٹمی پروگرام کے سبب عائد غیر ملکی پابندیوں کو ظالمانہ اور بلا وجہ قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان کا ملک یورینیم کی افزودگی نہیں روکے گا۔ شام سے متعلق ایک سوال کے جواب میں نومنتخب صدر حسن روحانی نے کہا کہ ان کا ملک سمجھتا ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد کو 2014ء کے صدارتی انتخابات تک رہنا چاہئے۔